جے پور27اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)راجستھان کی بیس نکاتی پروگرام کے کمیٹی کے نائب صدر ڈاکٹر دگمبر سنگھ کی آج ایک نجی اسپتال میں موت ہوگئی۔وہ 66 سال کے تھے اور کچھ عرصے سے اسپتال میں داخل تھے۔اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر دگمبر کینسر میں مبتلا تھے اور کچھ مہینوں پہلے امریکہ سے علاج کراکر لوٹے تھے۔تیرھویں اور چودھویں اسمبلی کے رکن رہے ڈاکٹر دگمبر کی موت کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلی وسندھرا راجے، وزیر داخلہ گلاب چند کٹاریا بی جے پی کے ریاستی صدر اشوک پرنامی سمیت راجے کابینہ کے کئی رکن، بی جے پی لیڈر اور خیر خواہ اسپتال پہنچے۔وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹر سنگھ کوخراجِ عقیدت پیش کیا اورکہاکہ مجھے بہت بڑا نقصان پہنچا ہے، پارٹی نے ایک محنتی لیڈر کھو دیاہے۔ دوسری بار ممبر اسمبلی منتخب ہونے کے بعد وہ وسندھرا راجے کابینہ میں طبی اور وزیر صحت اور بعد میں وزیر صنعت رہے۔راجے نے اپنے دوسرے دور اقتدار میں ڈاکٹر سنگھ کو بیس نکاتی پروگرام کمیٹی کا نائب صدرنامزدکرکے وزیر کا درجہ دیا تھا۔